لاہور(یواین پی) جنرل ہسپتال سولر سسٹم پر چلنے والا پنجاب کا پہلا شفا خانہ بن گیا جہاں ایک میگا واٹ کے سولر پینل نے کام شروع کرنے سے سالانہ 3کروڑ80لاکھ روپے کی بچت کی جا سکے گی اور یہ رقم مریضوں کے علاج معالجہ پر خرچ ہو گی جبکہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے جنرل ہسپتال میں سولر سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر جیل خانہ جات و امور ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق،محکمہ توانائی کے افسران اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر جس فرض شناسی اور محنت سے کام کر رہے ہیں وہ حکومت اور عوام کا اثاثہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مرحلہ وار صوبے کے سرکاری طبی اداروں کو سولر سسٹم پر منتقل کر رہی ہے جس کا آغاز لاہور جنرل ہسپتال سے کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر اختر ملک کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں سرکاری اداروں،میڈیکل کالجز،دیگر تعلیمی اداروں اور دفاتر کو بھی سولر سسٹم پر شفٹ کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سولر انرجی کو فروغ دیا جاسکے