جھنگ(یواین پی)ڈی سی او راجہ خرم شہزاد کی ہدایت پر غیر قانونی اضافی گیس سلنڈر اور دیگر خلاف ورزی کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کاروائی تیز کر دی گئی ہے۔ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری ملک طاہر کے مطابق گزشتہ روز مختلف روٹس پر چلنے والی 13ویگن مالکان کے خلاف غیر قانونی طور پر گاڑیوں میں اضافی سلنڈر رکھنے اور بعض کی طرف سے سلنڈر کی فٹنس پیش نہ کرنے پر ان کے چالان کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ کے جرم پر 82گاڑیوں کے چالان کئے گئے جبکہ 17گاڑیوں کو موقع پر 37ہزار5سور وپے نقد جرمانے کئے گئے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی سی او کی ہدایت پر پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافی کے علاوہ غیر تصدیق شدہ سی این جی سلنڈر استعمال کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگی اور سی این جی فلنگ اسٹیشن کے مالکان کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی دو سے زائد گیس سلنڈررکھنے والی مسافر گاڑی گیس نہ بھریں کیونکہ مسافسروں اور عوام کی جان کو خطرہ میں نہیں ڈالا جا سکتا۔سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے مزید کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی معاونت سے آئندہ چند روز میں سی این جی فلنگ اسٹیشن پر چیکنگ کا سلسلہ شروع ہوگا اور غیر قانونی طور پر گیس فراہم کرنے پر گیس اسٹیشن مالکان کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔