کابل ۔۔۔ افغانستان کے حالیہ صدارتی انتخابات میں نمایاں پوزیشن کے حامل امیدوارڈاکٹر اشرف غنی احمدزئی نے کہا ہے کہ اگر وہ عہدہ صدارت پر براجمان ہوگئے تو وہ پاکستان کے ساتھ خصوصی نوعیت کے تعلقات قائم کریں گے کیونکہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی اور خصوصی تعلقات انتہائی اہم ہیں ۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کو انٹرویودیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اسی طرز سے تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں جیسے دوسری عالمی جنگ کے بعد جرمنی اور فرانس کے تعلقات بہتر ہوئے تھے۔اشرف غنی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی اور خصوصی تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ اشرف غنی نے مزید کہا کہ وہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کئی برسوں پر محیط بداعتمادی اور شکوک و شبہات کا خاتمہ کر کے کابل اور اسلام آباد کے درمیان خصوصی تعلقات کے خواہاں ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم نوازشریف شدت پسندی کو پاکستان اور افغانستان کے لیے ایک بنیادی چیلنج سمجھتے ہیں۔میرا ہدف یہ ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان خصوصی تعلقات قائم ہوں، ویسے ہی، جیسے دوسری عالمی جنگ کے بعد فرانس اور جرمنی کے مابین قائم ہوئے تھے۔اشرف غنی نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ لوگوں کے خیال میں یہ ایک ناممکن ہدف ہو، تاہم پہلے ہی افغانستان سے متعلق ناامید لوگوں کے متعدد دعوے غلط ثابت ہو چکے ہیں۔