ملتان ( یواین پی) وزیر اعظم عمران خان غریب افراد کو نیچے سے اوپر لانا چاہتے ہیں۔ عوام نے کئی دہائیوں سے مشکل وقتوں کا سامنا کیا۔ تحریک انصاف حکومت عوام کو مشکلات سے نکالنے میں برق رفتاری سے کامیاب ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی خواتین ونگ ملتان شازیہ وحید آرائیں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت ترقیاتی منصوبوں کا رخ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کی طرف کر کے پورے ملک کو ترقی کی صف اوّل پر برابر کھڑا کرنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کو حکومت کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے دوسری طرف احتساب کے کٹہرے سے بچنے کیلئے سر جوڑ کر مختلف حربے، الزامات، پلان تیار کر رہے ہیں۔ سلیکٹڈ سلیکٹڈ کہنے والوں کو عوام نے بری طرح مسترد کیا کہ انہوں نے ملک کا پیسہ لوٹا اور عوام کو قرضوں میں پھنسا کر خزانہ خالی کیا اور بھاگ گئے۔ شازیہ وحید آرائیں نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی کر لے حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عوام اگلی حکومت بھی تحریک انصاف کی بنائیں گے۔ پی ٹی آئی حکومت نے قلیل عرصے میں جنوبی پنجاب میں طویل کامیاب ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا، سیکرٹریٹ قائم کیا، مزید ترقیاتی کام جاری و ساری ہیں اب جنوبی پنجاب اور یہاں کے عوام کے حالات پہلے سے بہتر اور مزید بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ حکومت ضلع ملتان کے عوام سے کئے وعدوں کو تکمیل کی طرف لے جانے کی طرف گامزن ہے۔