فیصل آباد (یو این پی)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک) کیمپ آفس ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ایس ایس پی اپریشنز محمد افضل بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ محمد حیدر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔قائمقام سی ای او رانا محمدیوسف نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو ترقیاتی کاموں اور امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ پر ہونے والے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت چلنے والے اس اہم پراجیکٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ فیڈمک کو تمام تر معاونت فراہم گی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں جس کے باعث یہ منصوبہ بہت جلد کامیابی سے مکمل ہوگا۔انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے قیام کو سراہااور کہا کہ کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فرنیچر سٹی،ہیلتھ سٹی اور ویونگ سٹی پرکام کے آغاز اور ون ونڈو سروس سینٹرکے قیام سمیت فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت بننے والے اسپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ بھی لی۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی اولین ترجیح بن چکا ہے اور اس کی تکمیل سے پاکستان میں صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں انتہائی مختصر مدت کے دوران بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ایس ایس پی اپریشنز نیکہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ضلعی پولیس کی طرف سے مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے جس کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔