وہاڑی( یواین پی)ای ڈی او ہیلتھ وہاڑی ڈاکٹر افضل بشیر نے کہا ہے کہ ڈینگی ،خسرہ اور انفلوئنزا کی بیماریاں لاعلاج نہیں بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ان پر قابو پانا ممکن ہے یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کے ریسورس سنٹر میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر محمد اشرف، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر بشیر سلیمی ،چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد حفیظ ،ڈسٹرکٹ آئی سرجن ڈاکٹر غلام حسین آصف ،ماہر امراض اطفال ڈاکٹر خالد محمود ، ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر راؤ محمد خلیل، ، ڈاکٹر عبدالقادر مگسی اور ڈاکٹر ہمایوں بھی موجود تھے۔ تربیتی ورکشاپ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز، لیڈی ہیلتھ وزیٹرز،نرسنگ سکول کی طالبات اور نرسیں شریک تھیں۔ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر افضل بشیر نے کہا کہ ان دنوں فضا میں خسرہ اور انفلوئنزا کا وائرس پایا جا رہا ہے اسی طرح ڈینگی کی افزائش کے لیے بھی موسم ساز گار ہے ان بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ کا عملہ خود بھی احتیاط کا دامن تھام لے اور ایسے مریضوں کے علاج کے وقت منہ پر ماسک پہنیں ہاتھ اچھی طرح دھوئیں انفلوئنزاکے شکار مریض سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا عملہ لوگوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دے تاکہ حفاظتی تدابیر کے ذریعے ان بیماریوں کی شدت کو کم کیا جاسکے تربیتی ورکشاپ سے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر محمد اشرف چودھری ، ڈاکٹر خالد محمود نے بھی خطاب کیا اور ان بیماریوں کی علامات، طریقہ علاج اور احتیاطی تدابیر سے شرکا ء کو آگاہ کیا ۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈینگی ، خسرہ اور انفلوئنزا کے مریضوں کے لیے الگ الگ وارڈز مختص کئے گئے ہیں اور ان بیماریوں کے علاج معالجہ کے لیے تمام ضروری ویکسین اور ادویات دستیاب ہیں۔فی الحال ان بیماریوں سے متاثرہ کوئی مریض سامنے نہیں آیا