اوکاڑا ( یواین پی/شیخ ندیم شیراز ) نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا- اطلاعات کے مطابق بیٹ 13 کے افسران کو اطلاع موصول ہوئی کہ لاہور سے ایک سیاہ رنگ کی جیپ آ رہی ہے جس میں دو افراد سوار ہیں جنھوں نے ایک کار والے کو پسٹل دیکھا کر روکنے کی کوشش کی ہے لیکن کامیاب نہ ہو سکے- ایگل ون کے پٹرولنگ افسران توصیف احمداور محمد رمضان نے جیپ نمبری 365/اے بی یو کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکے- سینئر پٹرولنگ آفیسر ڈی ایس پی تنویر اصغر جو ویٹ اسٹیشن کے قریب پٹرولنگ پر تھے جنہوں نے ایگل ون کے افسران کے ساتھ مل کر جیپ کا پیچھا کر کے جیپ کو روک لیا اور اس میں سوار دونوں افراد کو نیچے اتار لیا- جن کے نام اور پتہ معلوم کرنے پر انیس ولد شفیق قوم ملک سکنہ لاہور اور محمد زبیر ولد خوشی قوم میئو سکنہ لاہور نکلے- ان کی جامعہ تلاشی لینے پرایک عدد پسٹل 30 بور برنگ سلور معہ 4 عدد گولیاں برآمد ہوئیں- ملزمان اسلحہ کی کوئی قانونی دستاویزات پیش نہ کر سکے جس پر متعلقہ لوکل پولیس کو بلا کر ملزمان کو اسلحہ اور جیپ سمیت ان کے حوالے کر دیا گیا- سیکٹر کمانڈر عاطف شہزاد نے افسران کو سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا حکم دیا –