اسلام آباد ۔۔۔ ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ حکومت ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے‘ تھرکول کے منصوبے کے لئے چین کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی کے ضمنی سوال پر ایوان بالا کو بتایا کہ حکومت بڑی تیزی سے توانائی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے‘ گزشتہ 14 سالوں میں بجلی‘ گیس کی کھپت میں اضافہ ہوا لیکن اس حساب سے وسائل کو تلاش کرنے پر توجہ نہیں دیگئی۔ گڈانی کے منصوبے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ۔ بن قاسم پر دو منصوبوں پر کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ تھرکول کے منصوبے کے لئے چین کے ساتھ بات ہوگئی ہے۔ چین نے 10 پاور پراجیکٹس بھی تھر میں لگانے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔