اسلام آباد(یواین پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پسماندہ اور محروم علاقوں کی ترقی اور خوش حالی کا نہ صرف وعدہ کیا بلکہ عملی طور پر اس کے لئے اقدامات بھی اٹھائے۔مراد سعید نے اپنے بیان میں بلوچستان میں شروع کئے گئے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، وزیر اعظم عمران خان نے پسماندہ اور محروم علاقوں کی ترقی اور خوش حالی کا نہ صرف وعدہ کیا بلکہ عملی طور پر اس کے لئے اقدامات بھی اٹھائے۔مراد سعید نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کے مقابلے میں وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کی ترقی اور اس کے عوام کے مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وقتاً فوقتاً اپنے دوروں سے بلوچستان اور اہل بلوچستان کے معاملات میں اپنی ذاتی اور خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، ماضی میں سڑکیں بنانے کا دعویٰ کرنے والی حکومتوں نے بلوچستان میں نشستیں کم ہونے کی وجہ سے اسے نظر انداز کیا، ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ بلوچستان کو ایسی راہ پر گامزن کیا جائے جس کی منزل ایک خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ صوبہ ہو، جہاں عوام کو صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، روزگار اور کاروبار کی تمام سہولتیں یکساں میسر ہوں، یہ صرف ہمارا دعویٰ ہی نہیں اور نہ ہی کوئی خواب ہے بلکہ گذشتہ تین سالوں کے دوران ہم نے عملی طور پر ان اقدمات کو عملی شکل دینے کیلئے صحیح سمت میں پیشرفت کا آغاز کیا جس کے مثبت نتائج ہر شعبہ زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں اور صوبے کے عوام ان تبدیلیوں کا خود بھی مشاہدہ کررہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان میں صرف تختیاں لگائیں اور منصوبوں کے ٹینڈرز جاری کئے لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں ہوا اور نہ ہی زمین پر کوئی کام نظر آیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے مغربی روٹ سی پیک کی نہ صرف منظوری دی بلکہ ژوب کچلاک منصوبے سے اس کا آغاز کیا، 146 کلومیٹر طویل ہوشاب، آواران شاہراہ کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے جو اپنے مقررہ وقت سے 20 فیصد تیزی سے انجام دیا جا رہا ہے۔مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں سال کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھا، جن پر کام جاری ہے۔ 165 کلومیٹر طویل زیارت، موڑ کچ ہرنائی شاہراہ اور 198 کلو میٹر طویل بسیمہ خضدار شاہراہ پر کام تیزی سے جاری ہے