ٹھٹھہ(رپورٹ حمید چنڈ) صوبائی ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی سندھ کی جانب سے عربی سمندر میں موجود سمندری طوفان گلاب کے باعث تیز ہوائوں کے ساتھ بارشوں کے متعلق جاری کردہ الرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ضلع ٹھٹھہ کے تمام محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی گئیں ہیں۔ کسی بھی قسم کی صورتحال سے بروقت نپٹنے کےلئے ضلع ٹھٹھہ کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی افسر ہیڈکوارٹر نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے اپنے اعلامیہ میں ماہی گیروں کو آگاہ کیا ہے وہ تین دن تک سمندر میں مچھلی کے شکار کےلئے جانے سے گریز کریں اور جو ماہی گیر سمندر میں شکار کےلئے گئے ہیں وہ فوری طور پر اپنی کشتیاں کناروں اور محفوظ مقامات پر باندھ دیں اور ساتھ ساتھ بچاؤ کےلئے احتیاطی تدابیر پر اختیار کریں۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ کی جانب سے ڈی سی آفس اور کیمپ آفس ڈی سی ہاؤس میں کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے ہیں جن کے فون نمبرز 0298920063, 0298920056 اور 0298920057 ہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال اور مسائل کے حل کے لیئے رابطہ کیا جا سکتا ہے