کراچی(یواین پی) گزشتہ روز جرمنی میں انتقال کرجانے والے لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کا جسد خاکی آج(پیر)پاکستان روانہ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ تدفین منگل کوہوگی۔ذرائع کے مطابق لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کا جسد خاکی پاکستان لانے اور ان کی تدفین کے حوالے سے حکومتی سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں،جرمنی میں پاکستان کے سفارت خانے کا عمر شریف کے ہمراہ علاج کے لیے جانے والی ان کی اہلیہ سے مسلسل رابطہ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں کہ عمر شریف کے جسد خاکی کو پیر کے روز جرمنی سے پاکستان کے لیے روانہ کرادیا جائے تاکہ مرحوم کے اہل خانہ کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین ہوسکے۔مرحوم عمر شریف کے بیٹے نے میڈیا کو بتایا تھا کہ عمر شریف کی خواہش تھی کہ انہیں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے، جب کہ ان کی اہلیہ زریں غزل نے جید عالم دین مفتی تقی عثمانی سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کی نماز جنازہ پڑھائیں۔