حکومت معیار اور میرٹ کا نظام لا رہی ہے، شہباز گل

Published on October 6, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 146)      No Comments


لاہور(یواین پی)معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ جب قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ احتجاج میڈیکل اسٹوڈنٹس کا حق ہے لیکن بلڈنگز کے اندر زبردستی داخل ہونا،عوام کا راستہ روکنا اور مار پیٹ کرنا ایسی چیزیں قانون کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک آپ قانون کے مطابق احتجاج کریں گے آپکو قانون کے مطابق احترام اور سیکورٹی ملے گی، کسی زمانے میں پاکستانی ڈاکٹرز کی مانگ پوری دنیا میں تھی اور اب پچھلے کئی سالوں سے مڈل ایسٹ سمیت دنیا میں پاکستانی ڈگری کو نہیں مانا جاتا۔شہباز گل نے کہا کہ یہ راتوں رات نہیں ہوا،کئی سالوں کی بد انتظامی، کرپشن اورمیرٹ کی خلاف ورزی نے اس غیر معیاری تعلیمی نظام کو جنم دیا، عالمی معیار کو یقینی بنانے کے لیے میڈیکل طلبا کے لیے ٹیسٹ کا نیا نظام ایم ڈی کیٹ پاکستان میں متعارف کروایا گیا ہے، یہ نظام امریکہ برطانیہ ہندوستان اور دنیا کے بہت سے ممالک میں کامیابی سے رائج ہے۔معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ حکومت معیار اور میرٹ کا نظام لا رہی ہے، احتجاج کے بجائے اس نئے نظام کو چلنے دیں تا کہ پاکستانی طبی تعلیم بھی عالمی معیار کی ہو۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes