اوکاڑہ ( یواین پی) ڈی پی او فیصل گلزار نے جشن عید میلاد النبی کے تمام پروگراموں کی فول پروف سیکورٹی کےاحکامات جاری کر دئیے،سیکورٹی ڈیوٹی کے پیش نظر پولیس افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار نے ضلع بھر میں جشن عید میلاد النبی کے پروگراموں کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کی مشاورت سے قانون کی بالادستی کے تحت سیکورٹی کا ایسا پلان بنایا جائے کہ کسی شر پسند کو کسی بھی قسم کی شرپسندی کی ہمت نہ ہو ،ڈی پی او نے کہا کہ ضلع کے چاروں پولیس سرکلز کے ڈی ایس پیز اپنے علاقہ میں جشن عید میلاد النبی کے پروگراموں کی سیکورٹی انتظامات کے ذمہ دار ہوں گے ،ڈی ایس پیز علاقہ کے ایس ایچ او کے ہمراہ جشن عید میلاد النبی کے جلوسوں کے روٹس کی آن گراونڈ چیکنگ کریں،ڈی پی او فیصل گلزار نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی کی سیکورٹی کے حوالے سے پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں،میرے دفتر میں ایک کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے جو سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرے گا۔