گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو فنکشنل کرنے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرایا جائے عمران سکندربلوچ
فیصل آباد (یو این پی)سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرپنجاب عمران سکندربلوچ نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور کمشنر آفس میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ڈویژنل کمشنر زاہد حسین اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ہارون جہانگیر،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عمران رضا عباسی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا، ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد،ضلعی کوآرڈینیٹر برائے انسداد وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہرمحمود اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے ڈویژن بھر میں انسداد ڈینگی وکورونا کے لئے جاری انسدادی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں کیونکہ ڈینگی کا مسئلہ سراٹھا رہا ہے جس کا فوری سدباب ضروری ہے۔انہوں نے سرویلنس سرگرمیوں کو نتیجہ خیر بنانے اور ہاٹ سپاٹس کی بلاناغہ سرویلنس کرانے کی بھی تاکید کی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو سکولوں میں کورونا ویکسین لگانے کے ہدف کو پورا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کے مقررہ ٹارگٹ کو مکمل کیا جائے۔انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو فنکشنل کرنے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرایا جائے جبکہ صوبائی سطح پر بھی معاملہ ٹیک اپ کیا جائے گا۔اس موقع پرجھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی انسداد ڈینگی وکورونا اقدامات پر بریفنگ دی۔قبل ازیں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کا تفصیلی دورہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر ہارون جہانگیربھی ان کے ہمراہ تھے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ایم ایس ذوالقرنین را¶ بھی موجودتھے۔سیکرٹری ہیلتھ پنجاب عمران سکندربلوچ نے جنرل ہسپتال سمن آبادکے ایشوز دریافت کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ اور بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کو درکار فنڈزاور دیگر مسائل سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ ہسپتال کو مکمل طور پر فنکشنل بنایا جاسکے۔سیکرٹری ہیلتھ نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے مریضوں سے علاج کے عمل اور لواحقین سے ہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے میڈیسن سٹور،ڈائیلسز سنٹر،چلڈرن ایمرجنسی اوردیگر وارڈز کابھی دورہ کیا۔وہ ہیپاٹائیٹس کلینک گئے اور دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے کہا کہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو ترجیحی بنیادوں پر فنکشنل بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں درکار فنڈز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔