آقائے دوجہاں کے رہنما اصول امانت اور صداقت ہمارے لئے مشعل راہ اور آخرت میں نجات کا ذریعہ ہیں
فیصل آباد (یو این پی)عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سیرت النبی کانفرنس میٹروپولیٹن کارپوریشن ہال میں منعقد ہوئی۔صوبائی وزیر پبلک پراسکیوشن/نگران ضلع فیصل آباد چوہدری ظہیر الدین اس، موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد،اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،انچارج کنٹرول روم محمد صادق،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ کے علاوہ مولانا محمد ریاض کھرل،ڈاکٹر افتخار نقوی اور دیگر علماءکرام کے علاوہ طلباءبھی موجود تھے۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل اسوہ حسنہ کی صدق دل سے پیروی میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ساری زندگی دراصل قرآن پاک کی تفسیر ہے جس سے روشنی حاصل کرکے ہم اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آقائے دوجہاں کے رہنما اصول امانت اور صداقت ہمارے لئے مشعل راہ اور آخرت میں نجات کا ذریعہ ہیں۔صوبائی وزیرنے کہا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے گہری محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ارشادات نبوی کو اپنی زندگیوں میں شامل کریں جو امن وسلامتی،باہمی محبت اور بھائی چارے اور ملی یکجہتی کی ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ صبر وتحمل،برداشت،رواداری اور احترام انسانیت اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے جس کو پروان چڑھانے کے لئے اسلامی تعلیمات سے سبق سیکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر سمیت فیصل آباد میں بھی عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریبات بھرپور انداز میں منائی جارہی ہیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ سیرت کانفرنس نہ صرف سیرت نبی کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ ہیں بلکہ ان پاک محافل سے خیروبرکت بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔آخر میں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی اورسیرت مبارکہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق کی دعا کی گئی۔