کراچی (یواین پی) سابق صدر آصف زرداری نے 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیالوں اور جانثاروں کی جانوں کے نذرانہ سے جمہوریت کا سورج طلوع ہوا۔ سابق صدر کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شدت پسندوں اور وطن دشمنوں سے جنگ تھی، محترمہ بینظیر بھٹو شہید عوام کا استحصال کرنے والوں سے مزاحمت کا نام ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کچلے ہوئے طبقات کی نمائندہ اور وکیل ہے، 18 آئینی ترمیم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے خواب کی تعبیر ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ 1973 کے آئین کی بحالی اور بااختیار پارلیمنٹ کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے زندگی بھر جدوجہد کی، ہم طبقاتی ناانصافیوں کے خلاف جنگ لڑتے رہیں گے۔