جدہ (یواین پی /زکیر احمد بھٹی )سعودی حکومت کی جانب سے مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے لئے سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔یواین پی کے مطابق مسجد الحرام میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم ہوگئی ہے جس کے تحت صفوں میں نصب کیے گیے نشانات ہٹا دیے گئے ہیں۔حکام نے مزید کہا کہ مسجد الحرام کے علاوہ مدینہ کی مسجد نبوی میں بھی نرمیوں کے بعد پوری صلاحیت سے کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔تاہم مسجد میں آنے والے تمام افراد کے لیے لازم ہے کہ انھوں نے ویکسین کی دو خوراکیں حاصل کی ہوں۔ اس کے علاوہ نمازیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ چہروں پر ماسک پہنیں۔زائرین کے لیے لازمی ہے کہ وزارت حج اور عمرہ کی دو ایپس کے ذریعے عمرہ کرنے یا مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کے لیے باقاعدہ اندراج کروائیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب نے کووڈ کے پھیلاؤ کے پیش نظر مارچ 2020 کے دوران مسجد الحرام کو بند کر دیا تھا۔ مگر پھر کچھ ماہ بعد سے وہاں سماجی فاصلے کے ساتھ نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔