یکساں نصاب و نظام تعلیم کے نفاذ سے تقسیم ختم ہوگی جو انتہائی مثبت اقدام ہے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات
فیصل آباد (یواین پی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں تعلیمی ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور اس ضمن میں نہ صرف تمام وسائل اور ہر ممکن ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں، یکساں نصاب و نظام تعلیم کا نفاذ ان کے ویژن کے مطابق حکومت کا شاندار اقدام ہے جس سے تمام طبقات کے بچوں کو یکساں تعلیم کے حصول کے مواقع میسر آئیں گے،قبل ازیں ملک میں مختلف طبقات کیلئے مختلف نصاب تعلیم رائج تھے جس سے طبقاتی تقسیم بڑھتی جارہی تھی اور معاشرے میں مختلف کلاسز کو دوام مل رہا تھا لیکن اب یکساں نصاب و نظام تعلیم کے نفاذ سے یہ تقسیم ختم ہوگی جو انتہائی مثبت اقدام ہے۔وہ ہفتہ کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف سائنس سمن آباد فیصل آباد میں ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے ملٹی پرپز ہال کے سنگ بنیاد اور 82 طلبا میں 25 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رحمت اللعالمین سکالر شپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پروزیر مملکت اطلاعات کے بھائی نبیل ارشد، ادارہ کے پرنسپل شفقت علی شاہد، وائس پرنسپل اصغر علی گل، فیکلٹی ممبران، اساتذہ، انتظامی حکام اور طلبا بڑی تعداد میں موجود تھے۔وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ مذکورہ کالج میں کثیر المقاصد ہال کا سنگ بنیاد رکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی کیونکہ یہ ایک پرانی اور بہترین درسگاہ ہے جہاں طلبا کی تعداد بھی 5 ہزار سے زائد ہے اسلئے ان کی خواہش ہے کہ اس تاریخی کالج کو جلد یونیورسٹی کا درجہ دیدیا جائے جس کیلئے وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بات کرکے منظوری حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس ادارہ میں تمام ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔فرخ حبیب نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمارے لئے انتہائی مقدس اور رحمتوں و برکتوں والا مہینہ ہے کیونکہ اس میں ہمارے نبی آخر الزماں ؐ کی ولادت با سعادت ہوئی اسی لئے ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں عشرہ رحمت اللعالمین انتہائی عقیدت و احترام، مذہبی جوش و خروش اور شایان شان طریقے سے منایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسو? حسنہ ہی دنیا اور آخرت میں سرخرو ہونے کا واحد راستہ ہے اسلئے اسوء حسنہ اپنانے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مدینہ میں اسلام کی پہلی فلاحی ریاست قائم کی گئی جس کی بنیاد انسانیت کی مدد اور تمام لوگوں کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی پر تھی اسی لئے وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کے طرز حکومت کی بات کرتے ہیں تاکہ امیر اور غریب کیلئے ایک قانون اور ایک جیسا نظام ہوجبکہ یکساں نصاب تعلیم اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیرت کو نصاب کا حصہ بنایا تاکہ اپنی نسلوں کو سیرت مصطفی ؐ سے آگاہی فراہم کی جاسکے۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ریاست مدینہ کو اپنی زندگی کا نصب العین بنالیاہے اور وہ اس پر دن رات کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی بہتری اور فلاح و خوشحالی کیلئے کام کریں۔