فیصل آباد (یو این پی)علی زیب فاؤنڈیشن کے قیام کو 26 سال مکمل ہوگئے ہیں اس ضمن میں گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آبادمیں قائم فاؤنڈیشن میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ڈویژنل کمشنر زاہد حسین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر علی زیب فاؤنڈیشن سیدشاہدعلی زیدی،ایڈمنسٹریٹر حفیظ الرحمن،ڈائریکٹر سعد اللہ شاہد،جنرل سیکرٹری ملک شبیر حسین ایڈووکیٹ، تاجر رہنما علی نواز،عبداللہ زیدی ایڈووکیٹ، بلال بسرا ایڈووکیٹ اور دیگر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے دکھی انسانیت کی خدمت میں علی زیب فاؤنڈیشن کی مثالی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس مشن میں معاون مخیر حضرات گرانقدر سروسز فراہم کررہے ہیں جن کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے تھیلاسیمیا کے مریض بچوں کی عیادت کی اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزارا جبکہ ان کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔انہوں نے فاؤنڈیشن کے لئے مناسب جگہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سنٹر کے قیام کے سلسلے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ ادارہ کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ادارہ کے قیام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ علی زیب فاؤنڈیشن سے تھیلاسیمیا کے ہزاروں مریض بچوں کو خون کی فراہمی کا سلسلہ بلاتعطل جاری ہے۔انہوں نے بھرپور معاونت پر کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔