اسلام آباد(یواین پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو کشمیر میں ظلم وستم کا شروع ہونے والا بھارتی راج آج بھی برقرار ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو ہندوستان نے ایک غیر قانونی مداخلت کے ذریعے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا۔انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو کشمیر میں ظلم وستم کا شروع ہونے والا بھارتی راج آج بھی برقرار ہے، سات دہائیوں میں بھارتی حکومتوں نے کشمیری عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا، ہندوتوا نظریے کے تحت بی جے پی کی فاشسٹ حکومت نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتی برادریوں پر ظلم ڈھانا شروع کر دیئے ہیں۔صدر مملکت کا کہنا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو کشمیری عوام کو ان کے معاشی، سیاسی اور زمینی حقوق سے محروم کرنے کیلئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام اٹھایا، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو قبول نہیں کرے گا، کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکی، کشمیری عوام نے اپنے لہو سے عزم، حوصلے اور قربانیوں کا ایک شاندار باب تاریخ میں رقم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی دعووں کے برعکس، جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، تنازعہ جموں و کشمیر سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، عالمی برادری بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ہی خطے میں امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے، پاکستان بہادر کشمیریوں کی استقامت اور انکے ناقابلِ تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔