آج ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا، اجلاس دن 12 بجے ہوگا
اسلام آباد(یواین پی)حکومت اور اپوزیشن آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آمنے سامنے ہوں گے، حکومت انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ مشین، سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور کلبھوشن یادیو سے متعلق بل سمیت 27 بلز منظور کرانے کی کوشش کرے گی جب کہ اپوزیشن بھی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔حکومت نے 29 بلز کو ایک ساتھ منظور کرانے کی پلاننگ طے کر لی۔ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق دو بل پیش کیے جائیں گے۔الیکشن ایکٹ ترمیمی بلز ای وی ایم اور سمندر پار پاکستانیوں کے انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق ہیں۔ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل میں ووٹرز فہرستوں کا اختیار نادرا کو دینے کی ترمیم شامل ہے۔کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق بین الاقوامی عدالت انصاف نظرثانی بل ایجنڈے کا حصہ ہے، انسداد جنسی زیادتی تحقیقات اور ٹرائل کا بل بھی ایجنڈے میں شامل ہے جو خصوصی تحقیقاتی ٹیمز اور عدالتوں کی تشکیل سے متعلق ہے۔حیدرآباد انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنیکل اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے قیام، خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کی روک تھام سے متعلق کریمنل لاء ترمیمی بل اور بچوں کی جسمانی سزا کے تدارک کا بل بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔مردم شماری سے متعلق تحفظات پر مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے خلاف سندھ حکومت کا ریفرنس بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج (بدھ) دوپہر 12 بجے طلب کیا تھا جبکہ اپوزیشن نے قانون سازی کو روکنے کی حکمت عملی طے کی ۔