ناظم جوکھیو قتل کیس؛ مقتول کے بھائی نے نامزد ملزم جام عبدالکریم کو کلین چٹ دیدی

Published on November 19, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 130)      No Comments


مقتول کے بھائی افضل جوکھیو نے مجسٹریٹ کے روبرو دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کرادیا
کراچی(یو این پی)ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ عدالت میں مقتول ناظم جوکھیو کے بھائی اور مدعی مقدمہ افضل جوکھیو نے اپنا 164 کا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کو کلین چٹ دے دی ہے۔ ملیر کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ناظم جوکھیو کیس کی سماعت ہوئی۔ مدعی کے وکلا کے پینل میں شامل وکلا مظہر جونیجو، شاہ زمان جونیجو، محمد خان شیخ، ریاض بھٹی اشرف سمو بھی پیش ہوئے۔ مقتول کے بھائی افضل جوکھیو نے مجسٹریٹ کے روبرو دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کرادیا۔افضل جوکھیو نے اپنے 164 کے بیان میں کہا کہ رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم نے مجھے قسم دے کر کہا کہ وہ میرے بھائی کے قتل میں ملوث نہیں لہٰذا جام عبدالکریم کا نام نکالا جائے جبکہ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس اور دیگر ملزم میرے بھائی کے قتل میں ملوث ہیں۔مدعی مقدمہ کے وکیل مظہر جونیجو ایڈوکیٹ نے بتایا کہ عدالت نے ملزمان کو جب جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور ریمارکس دیے کہ مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات نہیں لگتیں تو مدعی مقدمہ کے کہنے پر ہم درخواست سے دستبردار ہوگئے جس پر عدالت نے کیس میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔دوسری جانب ناظم جوکھیو قتل کیس میں گرفتار رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت 6 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کے نئے تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن توسیع کی درخواست جمع کروائی۔ انسپکٹر سراج لاشاری نے عدالت کو بتایا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس کے پرانے تفتیشی افسر مجتبیٰ باجوہ سے کل تفتیش میرے حوالے کی گئی ہے۔ تفتیشی افسر سراج لاشاری نے عدالت کو بتایا کہ مقتول کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو تحقیقات کو مکمل کرکے چالان جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme