شارجہ میں مقابلوں کے دوران جنگ کا ماحول ہوتا تھا، عبدالرحمان فلک ناز
کراچی(یواین پی)دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان فلک ناز پھر سے یواے ای میں پاک بھارت کرکٹ میلہ سجانے کیلیے بے تاب ہیں۔حال ہی میں دبئی میں دونوں روایتی حریف ممالک کے درمیان ورلڈ کپ کا مقابلہ ہوا جسے دنیا بھرکے کروڑوں شائقین نے دیکھا،البتہ 2013 سے باہمی کرکٹ کا سلسلہ منقطع ہے، عبدالرحمان فلک ناز سالانہ بنیادوں پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سب سے بہترین بات پاکستان اور بھارت کو یہاں پر پھر سے لانا ہوگی، جب شارجہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوا کرتے تھے تو وہاں پر جنگ کا ماحول ہوتا تھا مگر یہ کھیل کی جنگ ہوتی تھی، مجھے یاد ہے کہ ایک بار فلم اسٹار راج کپور اپنی فیملی کے ساتھ یہاں آئے۔انھوں نے ایوارڈ تقریب میں مائیک سنبھالا اور کہاکہ پاکستان اور بھارت کی شارجہ میں جنگ حیران کن ہے، کرکٹ ہمیں ایک دوسرے کے قریب لا رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔فلک ناز نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو، اگر ہم بھارت کو یہاں آنے اور پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر راضی کرسکے تویہ بہت ہی زبردست بات ہوگی۔