اپنے علاقے کی خوشحالی اور ترقی کے لئے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کروں گا
فیصل آباد (یو این پی)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔اپنے علاقے کی خوشحالی اور ترقی کے لئے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کروں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈجکوٹ میں کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیا۔ کھلی کچہری میں علاقہ کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران ملک عمر فاروق نے شہریوں کی شکایات/مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پربذریعہ ٹیلیفون ہدایات جاری کیں۔ملک عمر فاروق نے کہا کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور بروقت انصاف کی فراہمی ہے۔شہریوں کے اجتماعی و انفرادی حقیقی مسائل کے حل کیلئے میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ملک عمر فاروق کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے روایتی سیاست کے حصار کو توڑا ہے۔ہم سیاست میں کیریئر بنانے نہیں آئے بلکہ عوام کی خدمت نصب العین ہے۔لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہوں گا۔خوش قسمت ہوں کہ اللہ نے مجھے انسانوں کی خدمت کے لئے چنا ہے۔