فیصل آباد (یو این پی) ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن مرزا انجم کمال کی زیرِ ہدایت جبکہ ڈی ایس پی پٹرولنگ فیصل آباد ملک محمد امین اور ڈی ایس پی مہر سعید کی زیرِ نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس لائن ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن کے لئے سالانہ فائر پریکٹس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس میں پٹرولنگ پولیس فیصل آباد، جھنگ،چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے جوان نشانہ بازی کر رہے ہیں۔ فائر پریکٹس کا مقصد پٹرولنگ پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنا ہے۔فائر پریکٹس سے پٹرولنگ پولیس کے زیرِ استعمال اسلحہ و ایمونیشن کا اندازہ لگایا جائے گا کہ وہ کس قدر کارگر ہے۔ اس حوالے سے ضلع و پٹرولنگ پولیس کے آرمر اور ایلیٹ فورس کے تربیت یافتہ سٹاف کو بھی ذمہ داریا ں سونپ دی گئیں ہیں۔ اس دوران وہ پٹرولنگ پولیس کے جوانوں کو فیلڈ کرافٹ اور اسلحہ کی دیکھ بھال کے متعلق بھی بریف کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن مرزا انم کمال نے کہا کہ فائر پریکٹس سے نا صرف پٹرولنگ پولیس کے جوانوں میں جانفشانی سے ڈیوٹی سرانجام دینے کا جذبہ پیدا ہوگابلکہ وہ فیلڈ میں جرائم کے خلاف جواں مردی سے مقابلہ کر سکیں گے۔