لاہور(یواین پی) سائنسدانوں نے ایک مشترکہ تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کے مریض اگر روزانہ تھوڑی سی مقدار میں دہی کھا لیا کریں تو ان کا بلڈ پریشر معمول پر رہے گا۔یہ تحقیق 915 بالغ افراد پر کی گئی جس میں ان کے روزمرہ معمولات، صحت اور کھانے پینے کی عادات سے متعلق تفصیلی سوالات کیے گئے۔ان میں سے جن افراد نے کہا کہ وہ روزانہ تھوڑی بہت مقدار میں دہی ضرور کھاتے ہیں، ان کی بھاری اکثریت کا بلڈ پریشر بھی معمول کے مطابق نوٹ کیا گیا۔اس کے برعکس جو لوگ دہی نہیں کھاتے، ان کی نمایاں تعداد میں ہائی بلڈ پریشر کا مسئلہ دیکھا گیا۔واضح رہے کہ عمومی صحت کے حوالے سے دہی کی خوبیاں ہزاروں سال سے معلوم ہیں جبکہ جدید تحقیقات سے بھی ان میں سے بیشتر کی تصدیق ہورہی ہے۔ہائی بلڈ پریشر کو دنیا بھر میں ’’خاموش قاتل‘‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ متاثرہ شخص کےلیے بعد میں دل، شریانوں اور دماغ کی مختلف بیماریوں کی وجہ بن کر انہیں موت کے منہ میں بھی پہنچا سکتا ہے۔البتہ ’’انٹرنیشنل ڈیری جرنل‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مصنفین کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر کے معاملے میں دہی سے حاصل ہونے والے فوائد کو سمجھنے کےلیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔طبّی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ کم چکنائی والی دہی کی صرف 100 گرام مقدار استعمال کرنے سے ہاضمہ درست رہتا ہے، ہڈیاں اور دانت مضبوط ہوتے ہیں جبکہ عام طور پر صحت بھی اچھی رہتی ہے۔