ماسکو ۔۔۔ روس کی گولڈن گرل ماریا شراپووا نے کہا ہے کہ سٹورٹ گارٹ ٹینس ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ شرا پووا کو سال 2012 اور 2013 میں مسلسل ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے اور وہ جرمنی میں شروع ہونے والے ایونٹ میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے کھیلیں گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سٹورٹ گارٹ ٹینس سے میری مثبت یادیں وابستہ ہیں اور میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس مس نہ کروں، میں چیلنجز کا دلیری سے مقابلہ کرنا پسند کرتی ہوں اور میری کوشش ہو گی کہ سٹورٹ گارٹ ٹینس ٹورنامنٹ جیت کر ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کروں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ناکامیوں سے ہمیشہ سیکھا ہے اور میری کوشش ہو گی کہ آنے والے ٹورنامنٹس میں ان غلطیوں کو دوبارہ نہ دوہراؤں اور ملک کیلئے مزید ٹائٹلز جیتوں۔