عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا ریلیف اب تک عوام کو نہیں مل سکا، اپوزیشن لیڈر
لاہور(یواین پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور ہونا قومی خودکشی ہوگی، ہم اسے روکنے کے لئے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے،پاکستان کی معاشی خودمختاری خطرے میں ہے، تبدیلی کا سونامی معیشت، روزگار اور عوام کی خوشیوں کو نگل گیا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا ریلیف اب تک عوام کو نہیں مل سکا۔اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری خطرے میں ہے، تبدیلی کا سونامی معیشت، روزگار اور عوام کی خوشیوں کو نگل گیا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا ریلیف اب تک عوام کو نہیں مل سکا، عوام کے لئے اعلان کردہ معاشی ریلیف پیکج کا اثر تو نہیں نہیں پہنچا البتہ بجلی گیس اور اشیا کی قیمت مزید بڑھ چکی ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی سلامتی کے لئے خطرہ بن گئی ہے، منی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور ہونا قومی خودکشی ہوگی، ہم اسے روکنے کے لئے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے اور منی بجٹ کے ملک اور قوم کے لئے تباہ کن اثرات پر حکومتی ارکان اوراس کے اتحادیوں کے احساس کو جگانے کی کوشش کریں گے، ایک اور منی بجٹ کینسر کا علاج اسپرین سے کرنے کے مترادف ہے، حکومت آئی ایم ایف کا تیارکردہ منی بجٹ نہ دے، استعفی دے۔