وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی نہ بننے کا بہترین موقف اختیار کیا
اسلام آباد(یو این پی)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ موجودہ ’’استحصالی‘‘ عالمی نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ امریکی دعوت کے باوجود جمہوریت پر ورچوئل سمٹ میں پاکستان کی عدم شرکت کے فیصلے سے متعلق سوال کے جواب میں موجودہ عالمی نظام کو ’’استحصالی‘‘ اور ’’مفادات پر مبنی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کسی کی پارٹی نہ بننے کا بہترین موقف اختیار کیا ہے۔صدر مملکت نے افغانستان، عراق، شام اور بعض دیگر ممالک میں ہونے والی تباہی کا حوالہ دیا اور افسوس کا اظہار کیا کہ وہ (امریکا اور مغرب) اپنے ممالک میں کوئی جنگ نہیں چاہتے لیکن دوسرے خطوں بالخصوص اسلامی ممالک کو جنگوں اور تنازعات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جوہری ڈیٹرنس حاصل کیا ہے،موجودہ استحصالی عالمی نظام جس میں ہندوستان جیسی بڑی معیشتوں کو عالمی طاقتوں کی جانب سے نوازا گیا ہے اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ عوام بدعنوان عناصر کے احتساب کے متعلق پی ٹی آئی کے بیانیے کو قبول کریں گے، وزیراعظم عمران خان ایسی مہمات اور بیانیے کے چیمپئن ہیں۔ مذہبی انتہا پسندی کیمسئلے سے مذہبی جماعتوں کو سیاسی دھارے میں لا کر نمٹا جا سکتا ہے۔