اسلام آباد(یواین پی)سارک کے سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون(آج) بدھ کو دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔ مارچ 2020 میں سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری جنرل سارک وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔یہ دورہ سارک کے مقاصد اور اصولوں کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرنے، سارک کے ساتھ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر اپنے نقطہ نظر کو شیئر کرنے اور خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔سارک کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔پاکستان نے خطے میں تعاون، باہمی اعتماد، اقتصادی انضمام اور سماجی و ثقافتی ترقی کے سارک مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔