کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے باعث عوام پریشان ہیں
کراچی(یواین پی)کراچی سمیت ملک بھر میں گیس کا بحران جاری ہے، شہرکے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔صبح ہو یا شام گیس بحران نے لوگوں کواذیت میں مبتلا کردیا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے باعث عوام پریشان ہیں، صنعتوں کو گیس بند کرنے کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس فراہم نہیں کی جارہی۔کورنگی، شاہ فیصل، صدر، رنشور لائن، گارڈن کے کچھ علاقوں میں گیس لود شیڈنگ کا سامنا ہے جبکہ جوہر، گلزار ہجری، لیاقت آباد، ایف بی ایریا میں بھی گیس غائب ہے۔سرجانی، نیو کراچی، ناظم آباد کے مختلف علاقے، کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی سمیت مختلف علاقوں میں بھی گیس کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں 3 دن سے مکمل طور پر گیس بند ہے، رہائشی گیس سلنڈرز خرید کر کھانا پکارہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح دفترجاتے وقت گیس نہیں ہوتی، شام کے وقت گھر واپس آئیں تو بھی گیس نہیں ہوتی،حکومت گیس فراہمی کو یقینی بنائے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مہینے کا زیادہ بجٹ روز باہر کے کھانے لانے میں چلا جاتاہے۔علاوہ ازیں گیس کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان شہریوں نے اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے سلینڈر بھی خریدے مگر ایل پی جی مہنگی ہونے کی وجہ سے وہ اس کو برداشت نہیں کرپارہے ہیں۔سوئی سدرن کمپنی کے مطابق اس وقت گیس کی مجموعی طلب 1245 ملین معکب کیوبک فیٹ ہے شہر میں گیس کا شارٹ فال 247 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گیا جبکہ گیس کی سپلائی 998 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔شہر میں گیس بحران سوئی سدرن کمپنی کمپلینٹ نمبر جاری کردیا گیا ہے، گیس نا آنے کی صورت میں شہری دئے گئے نمبر021-32571512 پر رابطہ کر کے کمپلین درج کرواسکتے ہیں۔دوسری جانب گزشتہ روز ترجمان سوئی ناردرن گیس نے کیپٹو پاور سیکٹر کو گیس فراہمی معطل کردی، فیصلہ گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہمی جاری رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔