لاہور(یواین پی)پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز اب صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلی رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنے والے شہریوں کی سہولت کیلئے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کا یومیہ دورانیہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے اوقات کار میں اضافہ کردیا گیا ہے۔اس فیصلے کے تحت صوبے کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کے اوقات کار میں 2 گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے او پی ڈیز اب صبح 8 سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔ جبکہ جمعہ کے روز او پی ڈی صبح 8 سے دوپہر 1 بجے تک کھلے رہیں گی۔سیکرٹری سپیشلایز ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے او پی ڈیز کے اوقات کار میں تبدیلی کے حوالے سے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کو مراسلہ ارسال کردیا۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے 26 ارب روپے کا اضافی بجٹ فراہم کر دیا ہے۔ حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ نے 26 ارب روپے کا اضافی بجٹ محکمہ صحت کو جاری کر دیا۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کو 7 ارب 50 کروڑ روپے جبکہ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو 18 ارب 52 کروڑ روپے کا اضافی بجٹ دیا گیا ہے۔