سمپوزیم شعبہ کیمسٹری نے منعقد کیا، بین الاقوامی محققین کی شرکت
اوکاڑہ(یو این پی ) یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کی جانب سے ‘میٹریرئل سائنس میں تحقیق کے جدید رجحانات’ کے موضوع پہ ایک سمپوزیم منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباءکی ایک بڑی تعدا د کے علاوہ بین الاقوامی محققین نے شرکت کی جن میں جرمنی کے انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ بائیوکیمسٹری سے ڈاکٹر ہدایت حسین اور انسٹیٹیوٹ آف نیو ہورائزنز سے ڈاکٹر خرم جوئیا شامل تھے۔ سمپوزیم کے آغاز پہ اپنے افتتاحی کلمات میں شعبہ کیمسٹری کے چئیرمین ڈاکٹر عاطف علی الطاف نے شرکاءکو خوش آمدید کہا اور یونیورسٹی کی تحقیقی سرگرمیوں میں اپنے شعبے کے کردار کی وضاحت کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کے ویڑن کے مطابق اپنے طلبائ کو مختلف سیمینار اور سمپوزیم منعقد کر کے بین الاقوامی تعلیمی و تحقیقی کمیونٹی کے ساتھ جوڑنا چاہتے ہیں۔ مہمان اسپیکرز نے دنیا میں سائنسی تحقیق کے حالیہ رجحانات پہ روشنی ڈالی اور طلباءکو بتایا کہ کس طرح وہ اپنے تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت کےلیے اعلی پائے کے جرنلز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ سمپوزیم میں پوسٹر بنانے کا مقابلہ بھی ہوا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کیمسٹری کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی کا کہنا تھا کہ جس طرح سے طلباء نے پیچیدہ سائنسی تصورات کو پوسٹرز کی شکل میں پیش کیا ہے یہ ایک انتہائی قابل ستائش چیز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیسویں صدی میں جدید تحقیق کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کےلیے ضروری ہے کہ طلبائ میں اسمارٹ ورک کی صلاحیتیں اجاگر کی جائیں۔ سمپوزیم میں شعبہ کیمسٹری سے ڈاکٹر ریاض حسین، عبد الحمید، ڈاکٹر امجد حسین، جنید یعقوب، ڈاکٹر رافعہ رحمان ڈاکٹر حیات اللہ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔