وزیراعظم عمران خان نے اراکین کو مشورے دینا شروع کر دئے
اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے عوام سے اپنے روابط کو بہتر بنائیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک روزہ دورہ لاہور کے دروان کئی اہم ملاقاتیں کیں اور اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں بلدیاتی انتخابات اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے درمیان ملاقات میں بھی بلدیاتی انتخابات کے بارے میں مشاورت کی گئی اور مضبوط امیدوار سامنے لانے کی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دوران گورنر پنجاب نے وزیراعظم کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1500منصوبوں اورعوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے بریف کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت اراکین پنجاب اسمبلی کیاجلاس میں پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیال رہے کہ قبل ازیں خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کے لیے وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی تھی۔ یاد رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد وزیر اعظم نے پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی ڈھانچے کو منظم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محمود خان سے اس شکست پر شکوہ کیا تھا۔واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لئے وزیراعظم عمران خان نے 21 رکنی سپریم کمیٹی قائم کی تھی جس کے بعد کمیٹی کا پہلا اجلاس 24 دسمبر کو اسلام آباد میں طلب کیا گیا تھا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار،گورنرچوہدری سرور، وزیر بلدیات محمود الرشید، سینیٹر سیف اللہ نیازی، عامر کیانی، فواد چوہدری، حماد اظہر، شفقت محمود، وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان، اسد قیصر، پرویز خٹک اور مراد سعید بھی شریک ہوئے۔