فیصل آباد (یو این پی)ڈپٹی کمشنر/ایڈمنسٹریٹر علی شہزاد نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کا دورہ کیا اور ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مختلف شعبوں کی ورکنگ اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔چیف کارپوریشن آفیسرزبیر حسین نت نے مختلف امور پر بریفنگ دی۔میونسپل آفیسرز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر /ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ عوامی ریلیف اور شہری ترقی کے لئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی بہترین سروس ڈلیوری پرخصوصی توجہ ہے اس ضمن میں تمام شعبہ جات اپنے فرائض احساس ذمہ داری سے انجام دیں تاکہ عوام کو مضبوط محکمانہ روابط اور ان کی اعلیٰ کارکردگی واضح طور پر نظر آئے۔انہوں نے میٹروپولیٹن کا ر پوریشن کے افسران کو تجاوزات کے خاتمے کے لئے بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے اور شہری سہولتوں کی تیز رفتارفراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ مختلف ٹیکسز اور فیسوں کی وصولی کے لئے نادھندگان کے خلاف ایکشن کو تیزکریں۔انہوں نے کہا کہ وہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلقہ سروسز کی خود نگرانی کریں گے لہذا کارکردگی کا معیارمزید بہتر بنایا جائے۔انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ عوامی ضرورت کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔