خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکاروں کو 100سے 120دن کے عرصہ میں تیار ہونیوالی کم مدت و کم خرچ کی حامل اعلی قسم کے 40سے 45فیصد تک تیل کی حامل سورج مکھی کی فصل کی کاشت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت

Published on January 11, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 97)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے اور اربوں روپے کی درآمدات سے بچا کیلئے سن فلاور کی فصل انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہے لہذا کاشتکار 100سے 120دن کے عرصہ میں تیار ہونے والی کم مدت و کم خرچ کی حامل سن فلاور کی اعلی قسم کے 40سے 45فیصد تک تیل کی حامل فصل کی کاشت پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ڈائریکٹر آئل سیڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ آری فیصل آباد محمد آفتاب نے بتایا کہ چونکہ یہ کم مدت کی فصل ہے اسلئے اسے دو بڑی فصلات کی کاشت کے درمیانی عرصہ میں آسانی سے کاشت کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھاری میرا زمین سن فلاور کی کاشت کیلئے بہت موزوں ہے تاہم سیم زدہ اور بہت ریتلی زمین اس کیلئے موزوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے راجہ ہل یا ڈسک ہل پوری گہرا ئی تک چلائیں تاکہ پودوں کی جڑیں گہرائی تک جا سکیں۔نہوں نے کہا کہ ہائبرڈ اقسام عام اقسام کی نسبت زیادہ پیداوار دیتی ہیں اسلئے اچھی شہر ت کی حامل کمپنیوں کے ہائبرڈ بیج اپنے علاقے کی نسبت سے کاشت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ شرح بیج کا انحصار زمین کی قسم، بیج کی شرح روئیدگی، وقت کاشت اور طریقہ کاشت پر ہوتا ہے جبکہ اچھے اگا والے صاف ستھرے دوغلی اقسام کے بیج کی فی ایکڑ مقدار دو تا اڑھائی کلوگرام رکھنی چاہیے اور بیج کا اگا بھی 90 فیصدسے زیادہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر اگا کی شرح کم ہو تو بیج کی مقدار اسی حساب سے بڑھا ئی جائے نیزسن فلاور کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے فصل کا قطاروں میں کاشت کرنا بے حد ضروری ہے اور قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا دو تا اڑھائی فٹ اور پودوں کا درمیانی فاصلہ آبپاش علاقوں میں 9 انچ اور بارانی علاقوں میں 12 انچ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ بیج تروتر میں کاشت کیا جائے اور بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ دو انچ ہو کیونکہ اگر کھیلیوں پر کاشت کرنا ہو تو کھیلیاں آلو کاشت کرنے والے رجر سے شرقا غربا نکالیں اور کھیلیوں میں پہلے پانی لگائیں اور جہاں تک وتر پہنچے اس سے تھوڑا اوپر خشک مٹی میں جنوب کی طرف بیج لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ سن فلاور کی کاشت پلانٹر، ٹریکٹر ڈرل یا سنگل رو کاٹن ڈرل، پور یا کیرا، ڈِبلنگ(چوپا) کے ذریعے کی جا سکتی ہے انہوں نے بتایا کہ کاشت کے پہلے حصہ میں بہاولپور،رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی اور بہاولنگر میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت 31جنوری تک مقرر کیا گیا ہے جبکہ دوسرے حصہ میں مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان،لیہ، لودھراں، راجن پوراور بھکر کے ا ضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کاوقت10جنوری سی10فروری تک اور تیسرے حصہ میں میانوالی، سرگودھا، خوشباب، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجر انوالہ، لاہور، منڈی بہاالدین،قصور،شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، نارووال، اٹک، ر ا ولپنڈی، گجرات،چکوال میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت25جنوری سے فروری کے آخر تک ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کیلئے اچھے اگا والے صاف ستھرے دوغلی(ہائبرڈ) اقسام کے بیج کی فی ایکڑ مقدار 2تا اڑھائی کلوگرام رکھیں۔ انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے موزوں وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاخیر سے کاشت کی صورت میں نہ صرف سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار بلکہ تیل کی مقدار میں بھی کمی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ اب کماد کی کٹائی کے بعد گندم کاشت نہ کی جا سکتی ہے اسلئے کاشتکار سورج مکھی کاشت کر کے بھر پور مالی منافع کما سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ کسان پیکج کے تحت حکو مت کی طرف سے سورج مکھی کے کاشتکاروں کوکروڑوں روپے سبسڈی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اس ضمن میں رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سورج مکھی کی کاشت پر بذریعہ واچر 5000 روپے فی ایکڑ سبسڈی دی جا رہی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کاشتکارکماد کی فصل کے بعد بہاریہ سورج مکھی کاشت کر کے حکومتی سبسڈی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题