عرس مبارک کی تقریب خانقاہ سلطان العاشقین گاؤں رنگیل پور شریف میں منعقد ہوئی
مانگامنڈی (یو این پی) سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کا عرس مبارک جمادی الثانی کی پہلی جمعرات کو منعقد ہوتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، امام سلسلہ سروری قادری اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے حقیقی روحانی وارث سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیر صدارت عرس مبارک حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کا انعقاد ہوا۔ عرس مبارک کی تقریب مسجد زہرا و خانقاہ سلطان العاشقین گاؤں رنگیل پور شریف براستہ اندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں منعقد ہوئی۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دیگر خلفا بھی آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ ملک بھر سے مریدین اور عقیدتمند خواتین و حضرات کے علاوہ نامور علمی و ادبی شخصیات نے بھی عرس میں شرکت کی۔ خواتین کے لئے خصوصی طور پر پردے کا اہتمام کیا گیا تھا۔نقابت کے فرائض منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے ادا کئے۔ تلاوتِ کلامِ پاک، نعت شریف کے بعد سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں منقبت کے پھول پیش کئے گئے۔ پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمٰن صاحب نے ”فقیر کامل” کے موضوع پر خوبصورت بیان پیش کیا۔ بعد ازاں سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب نے ختم شریف پڑھا اور دعا فرمائی۔ ختم شریف کے بعد خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں سلام پیش کیا گیا۔سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے ملک کے طول و عرض سے آ? مریدین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر تصور اسمِ اللہ ذات، مشق مرقوم وجودیہ اور سلطان الاذکار ”ھُو” عطا فرمایا۔ مہمانوں کے لئے خصوصی طور پر وسیع لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ عرس سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی جانب سے نہ صرف حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی کتب پر بلکہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی کتب پر بھی 25 فیصد کی خصوصی رعایت دی گئی تھی۔