لاہور(یواین پی)سینئر اداکارجاویدشیخ نے کہاہے کہ فلم انڈسٹری میں سنہرا دور گزارا ہے اور اس کی یادیں آج بھی اطمینان کا باعث ہیں، بچوں کی رہنمائی ضرور کرتا ہوں لیکن ان کیلئے کبھی کسی سے سفارش نہیں کی۔ایک انٹرویو میں جاوید شیخ نے کہاکہ میں نے فلم انڈسٹری کا عروج دیکھا ہے اور آج کے حالات یقینا اس کا مقابلہ نہیں کرتے۔عروج و زوال ساتھ ساتھ چلتے ہیں لیکن ضروری ہے کہ ہم انڈسٹری کے مسائل کے اسباب کو سمجھیں اوران کا تدارک کریں۔ انہوں نے کہاکہ آ ج بھی فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے کوششیں ہو رہی ہیں جنہیں میں سپورٹ کرتا ہوں اوراس کے ساتھ دعا گو بھی ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ میرے دو بچے شوبز میں ہیں اور ان کی بھرپور رہنمائی کرتا ہوں لیکن ان کیلئے کبھی سفارش نہیں کی،انہیں کہاہے کہ اپنے بل بوتے پر اپنا مقام بناؤ۔