پولیس نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نعش برآمد کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی۔
اوکاڑہ(یواین پی) تھانہ گوگیر ہ کی حدود بستی طارق آباد کے رہائشی علی شیر نے اپنی حقیقی بیٹی شکیلہ بی بی کواپنے بڑے بھائی ظہور احمد کے پاس چک خان میں بھیجا ہوا تھا۔گزشتہ روز علی شیر اوراسکے بیٹے علی حسینن نے دیگر ملزمان کے ہمراہ شکیلہ بی بی کو قتل کرکے چک خان محمد کے قریب گڑھے میں دبا دیا۔ترجما ن پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار کو اس اندوہناک واقعہ کی بارے میں اطلاع ملی جس پر ڈی پی او نے فوری پر ڈی ایس پی صدر سلیم احمد رتھ کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے حکم دیا کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد از جلد اس افسوس ناک واقعہ کی حقیقت کو عیاں کیا جائے جس پر مقامی پو لیس ٹیم نے روائتی اور سائنسی بنیادوں پرکام کرتے ہوئے 24گھنٹے کے اندر واردات کو نہ صرف ٹریس آوٹ کرلیا بلکہ ایک ملزم علی حسنین کو گرفتار بھی کرلیا جبکہ دیگر ملزمان علی احمد، علی شیر، نظام دین، ظہور اور منظور احمدکی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ملزم علی حسنین جوکہ مقتولہ کا حقیقی بھائی ہے نے دوران تفتیش اپنے گھناؤنے فعل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کردار پر شک کی بناء پر ہم نے مقتولہ کو سر میں گولی مار کرکے قتل کیااور نعش کو گڑھے میں دباتے ہوئے ثبوت مٹادیے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مقتولہ کی نعش برآمد کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔شاندار کارروائی پر ڈی پی او فیصل گلزار نے ڈی ایس پی صدر سرکل سلیم احمد رتھ، ایس ایچ او یاسرعباس، اے ایس آئی محمد یسین، غلام صابر اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔