پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ہی کورونا ٹیموں کو آنکھیں دکھانے لگا

Published on January 21, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 113)      No Comments

سرفراز کی والدہ اور اہلیہ وائرس کا شکار، کپتان محفوظ رہے
کراچی(یواین پی) پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ہی کورونا ٹیموں کوآنکھیں دکھانے لگا، کم از کم تین فرنچائزز کے کئی کھلاڑی یاآفیشلز وائرس کی زد میں پائے گئے۔بعض پی سی بی آفیشلز اور نیشنل اسٹیڈیم کے ملازمین کا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا،اپنے شہروں میں جانچ کی پازیٹیو رپورٹس پر یہ افراد بائیوببل جوائن کرنے کے بجائے قرنطینہ مکمل کریں گے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل کئی غیرملکی کرکٹرز روانگی سے قبل ہی وائرس کا شکار ہوچکے۔اسے کمبی نیشن کی تشکیل میں مشکلات کا سامنا ہوگا،البتہ ایک ٹیم آفیشل کا کہنا ہے کہ کئی کرکٹرز صحتیاب ہو چکے اور رواں ہفتے ہی پاکستان آنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا،ملتان سلطانز کے بعض کھلاڑی بھی کورونا زدہ نکلے، لاہور قلندرز کے ایک آفیشل کی رپورٹ مثبت آئی،دوسری جانب ٹیموں کی بائیو ببل میں انٹری شروع ہو گئی۔سب کو اپنے کمروں میں تین روزہ قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا، آمد پر ٹیموں کو واضح وارننگ دے دی گئی کہ بائیو ببل کی خلاف ورزی کرنے والے کو گھر بھیج دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل7 کا آغاز 27 جنوری کو کراچی میں ہونا ہے،ایونٹ سے قبل ہی کورونا کیسز نے منتظمین کو پریشان کر دیا،کم از کم تین فرنچائزز کے کرکٹرز یا آفیشلز وائرس کی زد میں آ چکے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کئی غیرملکی کھلاڑی پاکستان آنے سے قبل ہی کورونا زدہ پائے گئے۔ٹھیک ہونے پر آمد کے بعد آئسولیشن کی وجہ سے یہ یقینی نہیں کہ کب میدان میں اتر سکیں گے، یوں ایک بار پھر گلیڈی ایٹرز کا کمبی نیشن متاثر ہو گیا،کئی کھلاڑی 28جنوری کوپشاورزلمی کیخلاف پہلے میچ کیلیے دستیاب نہیں ہوں گے، سرفراز احمد کی والدہ اور اہلیہ بھی کورونا کی جکڑ میں آ چکی ہیں،اس سے کپتان کے حوالے سے بھی تشویش سامنے آ گئی تھی، مگر ان کا نتیجہ منفی آیا اور وہ ہوٹل میں بائیو ببل کا حصہ بن گئے جس پر ٹیم نے سکھ کا سانس لے لیا، ایک آفیشل نے بتایا کہ کئی غیرملکی کھلاڑی صحتیاب ہو چکے ہیں اور رواں ہفتے ہی ان کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ملتان سلطانز کے بعض کھلاڑی گھر پر ٹیسٹ میں مثبت نتیجے کے حامل قرار پائے، وہ بھی اب قرنطینہ مکمل کر کے ہی کراچی آ سکیں گے، لاہور قلندرز کے ایک آفیشل کورنا کا شکار پائے گئے،ذرائع نے بتایا کہ مزید کئی کیسز بھی سامنے آئے ہیں، البتہ پی سی بی نے اس حوالے سے چپ سادھ لی اور میڈیا کو تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ دوسری جانب گذشتہ روزکرکٹرز کی بائیو سیکیور ببل میں انٹری کا آغاز ہوگیا، فرنچائزز کے غیرملکی کھلاڑی جمعے سے آنا شروع ہوں گے،بائیو سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلیے پورا ہوٹل بک کرایا گیا ہے، کھلاڑیوں و آفیشلز کی عقبئی دروازے سے انٹری ہوئی۔وہاں لیب کے عملے نے ان کا کورونا ٹیسٹ لیا، پھر سب اپنے فلورز پر چلے گئے، وہاں ان پر نظر رکھنے کیلیے ایک آفیشل ہر فلور پر موجود ہے، تین دن تک کوئی بھی اپنے کمرے سے باہر نہیں جا سکتا، گذشتہ شب ڈنر بھی باکس میں کمرے کے باہررکھاگیا، پلیئرز و آفیشلز ویٹرز کے جانے پر اسے اٹھا کر اندر لے کر گئے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress主题