ڈورمارکنگ بھی چیک کیا جائے رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے کا ٹاسک مکمل ہوسکے
فیصل آباد (یو این پی)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ انسداد پولیومہم کے آخری روز مانیٹرنگ ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی تصدیق کریں جبکہ ڈورمارکنگ کو بھی چیک کیا جائے تاکہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو تلاش کرکے قطرے پلانے کا ٹاسک مکمل ہوسکے۔انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کے دوران انسداد پولیو کی جاری مہم کے اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے مہم کے دوران بعض مسائل کی نشاندہی پرسی ای اوکو بلاتاخیر ازالہ کرکے رپورٹ کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ بچوں کو قطرے پلانے میں معمولی سی بھی کوتاہی نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مہم کی مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے اور کوتاہی کے مرتکب محکمانہ کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔سی ای اوڈاکٹر بلال احمدنے مہم پر عملدرآمد اور اہداف سے آگاہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ محمد یوسف،غلام مصطفی جٹ سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔