فیصل آباد (یو این پی)ایف ڈی اے سٹی میں برساتی نالہ کی ری ماڈلنگ کی جائیگی اس سلسلے میں جامع پلان تیار کرنے کے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ اس امر کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا جو ایف ڈی اے سٹی کے ترقیاقی امور کا جائزہ لینے کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر واسا عثمان ضیاء،ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید، ڈپٹی ڈائریکٹرز سانول ملک، طلحہ تبسم ودیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے افسران کو دیئے گئے اہداف پر پیش رفت کاجائرہ لیتے ہوئے کہاکہ ایف ڈی اے سٹی کے بقایا ترقیاتی منصوبوں کی بلاتاخیر تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اس ضمن میں محکمانہ اقدامات کو ہرصورت نتیجہ خیز بنایا جائے۔انہوں نے سیکیورٹی امور کو مزید بہتر بنانے، سٹریٹ لائٹس کے منصوبوں پر عملدرآمد اور بجلی کے بقایا کام کی تکمیل پر زور دیا اور کہاکہ تمام تر مشینری اور تنصیبات کی حفاظت کیلئے خصوصی انتظامات پر توجہ دیں۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیاگیا کہ جن بلاکس میں رہائش گاہیں تعمیر ہوچکی ہیں وہاں کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کو فوری طور پر واسا کے سپرد کردیاجائے تاکہ اس سسٹم کی مناسب دیکھ بھال کرنے کیلئے واسا ریونیو بھی جمع کرسکے۔ڈائریکٹر جنرل نے نادھندہ الاٹیز کیخلاف مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ڈویلپمنٹ اور اضافی ڈویلپمنٹ چارجز اور دیگر نوعیت کے بقایاجات کی وصولی کیلئے ہر نادھندہ الاٹی سے انفرادی رابطے کو یقینی بنائیں تاکہ اسے بقایاجات جمع کرانے کا احساس ہوسکے۔اس موقع پر بتایا گیاکہ 4270 نادھندگان کو نوٹسز جاری کئے جاچکے ہیں اور انہیں واجبات جمع کرانے کی حتمی وارننگ جاری کردی گئی۔ اجلاس کے دوران ایف ڈی اے سٹی کے بعض دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے مرکزی مسجد کے انتظامات کو خوش اسلوبی سے چلانے کیلئے مرتب کئے گئے قواعد و ضوابط بھی زیر بحث آئے۔جن کے تحت انتظامی کمیٹی مسجد کے امور چلائے گی تاکہ خوشگوار اور پرسکون ماحول میں نماز و عبادت کی ادائیگی جاری رہے۔ بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل رضوان نذیر نے ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی، سیکیورٹی،پارکس اور گرین بیلٹس کی تنزئین و بحالی اور دیگر ترقیاتی امور کا معائنہ کیا۔