انٹرنیشنل کمیونٹی کی اوکاڑہ یونیورسٹی آمد تحقیق کے لیے باب کھولے گی: وائس چانسلر ڈاکٹر زکریا زاکر

Published on February 2, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 109)      No Comments

اوکاڑہ (یواین پی)اوکاڑہ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی میڈیا کانفرنس کا آغاز ایک پروقار افتتاحی تقریب سے ہوا۔ ‘وبا کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں میڈیا اور ابلاغ کے کردار’ کے موضوع پہ منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا اہتمام ایسوسی ایشن آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اکیڈمک پروفیشنلز کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عاشفہ ریاض فتیانا، وزیر برائے بہود خواتین، کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین نے وبا کے دوران بڑا مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ معاشرے میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات پہ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فون ایک نئی خاموش جنگ کو جنم دے رہا ہے کیونکہ نوجوان نسل میں اس کی مقبولیت حد سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا خواتین میں ان کے حقوق کی آگہی پیدا کرنے اور ان کی معاشی و معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ کانفرنس کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اسکالرز کے یہاں آنے سے ہماری مقامی تعلیمی کمیونٹی میں تحقیق کے رجحانات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور تحقیق معاشرے میں مثبت رویوں کو جنم دیتے ہیں۔ ایم کیپ کی صدر پروفیسر ڈاکٹر بشری رحمن کانفرنس کے کامیاب انعقاد پہ اوکاڑہ یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور اس ایسوسی ایشن کے مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقصد پیشہ وارانہ صحافیوں اور ابلاغیات کے شعبہ سے منسلک محققین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔ اخوت فاونڈیشن کے بانی امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ قومیں غربت نہیں بلکہ مایوسی اور جہالت سے تباہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی فلاح کےلیے میڈیا کو اپنے مفاد سے بالاتر ہو کر کام کرنا چاہیے۔ایم کیپ کے بانی ممبراور اکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے سربراہ ڈاکٹر محمد زاہد بلال نے کانفرنس میں شرکت پہ تمام مقامی اور بین الاقوامی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی میں اس کانفرنس کا اہتمام ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ چارلس یونیورسٹی پریگ سے آئے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نکو کارپنٹئیر نے کہا کہ میڈیا عوام الناس میں شعور بیدار کرنے کا ایک بہت بڑا اور کامیاب ذریعہ ہے۔ استنبول یونیورسٹی ترکی سے پروفیسر ڈاکٹر آرزو نے بتایا کہ میڈیا جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پہ عوامی مسائل پہ کھل کی بات کی جا سکتی ہے۔ معروف صحافی فہد حسین کا کہنا تھا کہ میڈیا اور معاشرے میں ایک وسیع خلاء ہے اور یہ بیشتر معاشرتی مسائل کی ایک اہم وجہ ہے۔ اس خلاء کو پر کرنا میڈیا میں کام کرنے والے افراد اور ابلاغیات کے محققین کےلیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ سینئیر کالم نویس مبشر زیدی نے کہا ابلاغیات کے طلباء کو پبلک ہیلتھ رپورٹنگ کے بارے میں تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题