فیصل آباد (یو این پی)وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان وزیر اعظم عمران خان کا ایک انقلابی منصوبہ ہے جس کے تحت مشینی زراعت کے فروغ سے فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ کاشتکاروں کو سبسڈی پرزرعی آلات و مشینری کی فراہمی کا یہ منصوبہ حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کا عکاس ہے۔ کاشتکاروں کے فی ایکڑ پیداواری اخراجات میں کمی اورمنافع میں اضافہ کے ذریعے دیہی آبادی خوشحال ہوگی اور ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کاشتکاروں کو زرعی آلات کی رعائتی قیمت پر فراہمی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ مشینی زراعت کے فروغ سے کاشتکارزمین کی تیاری سے فصلوں کی کاشت و برداشت تک کاشتی امور کی بروقت انجام دہی ممکن بناسکتے ہیں۔ زرعی مشینری کے استعمال سے فصلوں کی کاشت کے وقت زرعی مداخل کے بہتر استعمال کے ذریعے توانائی اور وقت کی بچت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت مشینی کاشت کو فروغ دینے میں اور فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں 3190کاشتکاروں کو مختلف اقسام کے زرعی آلات فراہم کئے جارہے ہیں اور اس پانچ سالہ منصوبہ کیلئے 8 ارب77کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔یہ منصوبہ زرعی ترقی کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ کاشتکار زرعی آلات وجدید مشینری پر حکومتی سبسڈی سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے زرعی پیداواری اہداف کا حصول یقینی بنائیں تاکہ برآمدات میں اضافہ سے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیاجاسکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ موجودہ موسمیاتی تبدیلیوں میں فوڈ سکیورٹی کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے پاکستانی زراعت میں تربیت یافتہ افرادی قوت کے علاوہ ٹریکٹرز، زرعی آلات اور مشینری کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کے جنوبی پنجاب کے11اضلاع کے کاشتکاروں کو بھی زرعی آلات کی خرید کیلئے 60 فیصد سبسڈی فراہم کی جارہی ہے اور ایک کاشتکار کو5 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ تقریب سے چئیرمین زرعی ٹاسک فورس جنوبی پنجاب عابد محمود کھگہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔