اسلام آباد(یواین پی) نامورماہرقانون اور انسانی حقوق کی رہنمااورسماجی کارکن عاصمہ جہانگیر کوہم سے بچھڑے چار برس بیت گئے۔ان کا11فروری 2018 کولاہور میں انتقال ہوگیاتھا۔عاصمہ جہانگیر27جنوری 1952کولاہور میں پیداہوئیں۔ انہوں نے کانونٹ سکول لاہور اورکینرڈکالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔1978 میں ایل ایل بی کے بعد وہ وکالت سے منسلک ہوگئیں۔انہوں نے ضیادورمیں جمہوریت،انسانی حقوق اورخواتین کے حقوق کے لئے بھرپورجدوجہد کی اورقیدوبندکی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔وہ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی بانی رکن تھیں۔ وہ اس کی سیکرٹری جنرل اورچیئرپرسن کے عہدوں پربھی فائز رہیں۔عاصمہ جہانگیر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کی صدر، ساتھ ایشیافورم فارہیومن رائٹس اورانٹرنیشنل فیڈریشن فارہیومن رائٹس کی بھی عہدیدارتھیں۔انسانی حقوق کے لئے جدوجہدپرانہیں کئی عالمی اعزازات سے نوازاگیا۔حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2010میں ہلال امتیاز دیااوروفات کے بعد نشان امتیاز سے نوازاگیا۔