اسلام آباد(یواین پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے ٹکٹ کے حصول کیلئے درخواستوں کی وصولی کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا۔ اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کی ایڈوائزری کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی و صدر تحریک انصاف اسلام آباد نے اجلاس کی صدارت کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹس کے حصول کے خواہاں افراد 19 فروری تک اپنی درخواستیں جمع کراسکیں گے۔ درخواستیں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم اسلام آباد الیکشن مینجمنٹ سیل میں جمع کرائی جاسکے گی۔ چیئرمین نیبرہڈ کونسلز اور وارڈز کونسلرز کے انتخاب کے خواہاں امیدوار طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کرائیں گے۔ 19 فروری کو درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل ہونے پر امیدواروں کے تعین کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔