سینکڑوں ننھے طلبا اور اساتذہ کرام بوسیدہ چھت کے نیچے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر مجبور ہیں،علاقہ مکین
لاہور(یو این پی) پنجاب حکومت محکمہ تعلیم کی عدم توجہ کے باعث مختلف تعلیمی اداروں کی بلڈنگز خستہ حالی کا شکار ہوگئیں،گورنمنٹ پرائمری سکول گاؤں (جئے کا ٹبہ)مانگامنڈی لاہور کی بلڈنگ کی چھت گرنے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا، سینکڑوں ننھے طلبہ اور اساتذہ کرام بوسیدہ چھت کے نیچے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر مجبور ہیں،تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول گاؤں جئے کا ٹبہ کوڈ نمبر 35220249 کی بلڈنگ کی چھت خستہ حالی کا شکار ہوگئی، محکمہ تعلیم پنجاب کی ہٹ دھرمی کے باعث سکول کی بلڈنگ بوسیدہ ہونے کی وجہ سے کسی بھی وقت چھتیں گرنے کا اندیشہ ہے،سکول میں زیر تعلیم بچوں کا کہنا ہے کہ ہم بلڈنگ انتہائی خستہ حال ہونے کی وجہ سے ہم موت کے سائے تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں،چھتوں میں جگہ جگہ دراڑیں پڑھنے کی وجہ سے چھت گرنے کے قریب ہے جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے،دوسری جانب اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم پنجا ب حکومت نے سکول ضرور بنائے ہیں مگر انکی دیکھ بھال کیلئے جو کروڑوں روپے کے فنڈز ہر سال جاری ہوتے ہیں شاید وہ کرپشن کی نظر ہوگئے ہیں جسکی وجہ سے گورنمنٹ سکولوں کی حالت زار ہے،علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ خدانخواستہ اگر گاؤں جئے کا ٹبہ کے گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول کی بوسیدہ چھت گرنے سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تو اسکی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی،اہل علاقہ نے حکومت پنجاب محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ سکول کی چھت کو فوری تعمیر نو کیا جائے تاکہ بچے بلا کسی خوف کے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔