اوکاڑہ(یواین پی) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کی تکمیل کے لئے تما م سوسائٹی متحرک ہے 10ارب پودے لگانے اور کلین اینڈ گرین پاکستان کی منزل کے حصول کے لئے ضلع کا ہر سرکاری ادارہ اور غیور عوام کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت و دیکھ بھال اور ان کی اونر شپ کے لئے ہر شخص کو انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہے درخت صدقہ جاریہ اور آنے والے کل کی ضرورت ہیں آج لگائے گئے پودے آنے والی نسلوں کے لئے بیش قیمت اثاثہ ثابت ہوں گے درخت لگانے کی مہم میں سرکاری اداروں کی اپنے اپنے دائرہ اختیار میں کی جانے والی کاوشیں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کرے گی ضلع میں جشن بہاراں کی تقریبات کو بھی کلین اینڈ گرین مہم پاکستان کے ساتھ جوڑا گیا ہے جشن بہاراں کے سلسلہ میں ہونے والے تمام پروگراموں میں بھی درخت لگانے،ان کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے لوگوں کو متحرک کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم سکاؤٹس اور جشن بہاراں پلانٹ فار پاکستان ڈے کی پپلی پہاڑ فاریسٹ میں ہونے والی تقریب کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، سکاؤٹس،طالب علموں،سماجی کارکنوں،رضا کاروں اور شہریوں کی جانب سے4ہزار پودے لگائے گئے۔تقریب سے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز،ضلعی کو آرڈینیٹر کلین اینڈ گرین پاکستان ملک غلام نبی کھوکھر،صدر پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ شازیہ احمد، پی ٹی آئی راہنمااعجاز ناصر سمیت دیگر عمائدین نے اپنے ہاتھوں سے پودے لگائے ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان کی تحریک شروع کر کے وطن عزیز کے مستقبل کو محفوظ بنانے،آنے والی نسلوں کو ایک خوبصورت صاف ستھرا اور ماحولیاتی آلودگیوں سے پاک وطن دینے کا بیڑا اٹھایا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں کلین اینڈ گرین مہم کے لئے طے کئے گئے ہدف حاصل کئے جائیں گے۔ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مشتاق چغتائی نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) محمد علی اعجاز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کلین اینڈ گرین مہم کے دوران ضلع میں 11لاکھ 20ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 1لاکھ 12ہزارپودے لگائے جا چکے ہیں اور بقیہ پودے لگانے کا کام ضلع کی تینوں تحصیلوں میں جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز نے شجر کاری مہم میں سرکاری اداروں سیاسی عمائدین، کارکنان، رضاکاروں،سکاؤٹس،این جی اوز اور عام شہریوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کی مربوط کاوشیں کل کے سنہرے مستقبل سے جڑی ہوئیں ہیں ہمیں اپنے اور اپنے بچوں کے لئے پودے لگانے ہیں، ان کی دیکھ بھال کر نی ہے اگر اسی جذبہ اور لگن سے ہم کام کرتے رہے تو ہم پاکستان کو ایک سر سبز ریاست بنانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے مہم کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی۔