ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ) ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ و پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے صدر صادق علی میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی نااہلی اور ناقض پالیسیوں کے خلاف نکالے جانے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے شرکاء کا ضلع ٹھٹھہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا کیونکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں نکلنے والا لانگ مارچ کروڑوں پاکستانیوں کے دل کی آواز ہے۔ یہ بات آج انہوں نے محسن ہاؤس گھوڑا باری میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس ضلعی صدر صادق علی میمن اور عاشق حسین زرداری کی قیادت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالوحد سومرو، امتیاز احمد قریشی، عبدالحمید پنھور، سید محمود عالم شاہ، ممتاز علی میمن، ممتاز علی جلبانی، جہانگیر پالاری، رئیس احمد گندرو، پیر رحمانی شاہ ، محبوب عالم شاہ اور دیگر پارٹی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں لانگ مارچ کے شرکاء کے استقبال اور شہر کو سجانے کے لئے متعدد کمیٹیوں کی تشکیل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و ضلع ٹھٹھہ کے صدر صادق علی میمن نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع ٹھٹھہ کے عوام میں بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے اور ضلع کے عوام اپنے محبوب لیڈر بلاول بھٹو زرداری کو دیکھنے اور سننے کے لئے بہت بے چینی سے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ ملک میں مثبت تبدیلی لیکر آئے گا اور تبدیلی کا جعلی نعرہ لگانے والوں سے غریب عوام کی جان بچائے گا۔