متوازن غذا اور احتیاط سے ہی گردے کی بیماریوں سے نجات ممکن ہے۔ ڈاکٹر محمد اکرم

Published on February 24, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 98)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ ایسٹرن میڈیسن اینڈ سرجری کے زیر اہتمام گردوں کی بیماریوں، علاج اور احتیاط کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد بڑھتی ہوئی گردوں کی بیماریوں کو کنٹرول کرنے احتیاط اور موثر علاج کے حوالے سے شرکاءکو آگاہی فراہم کرنا تھا۔ سیمینار سے انچارج ڈین میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عابد رشید، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر نعیم اقبال، پروفیسر ڈاکٹر طاہر بشیر ملک، ڈاکٹر محمد اکرم، ڈاکٹر حیدر علی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عابد رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترش، نمکیات سے بھرپور غذائیں گردے میں پتھری کی افزائش کا سبب بنتی ہیں، گردوں کی پتھری میں مبتلا مریض معمولات زندگی اور غذا میں تھوڑی سی تبدیلی کے باعث تکلیف سے نجات پا سکتے ہیں۔ رجسٹرار جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعیم اقبال نے گردے کی امراض میں مبتلا افراد کے لیےشہد، لیموں پانی اور کچے پپیتے اور تربوز کے استعمال پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم روزمرہ کی زندگی میں قدرتی غذا¶ں کا استعمال بڑھا دیں تو اس بیماری سے جلد نجات حاصل کر لیں گے۔ چئیرمین ایسٹرن میڈیسن اینڈ سرجری ڈاکٹر محمد اکرم نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں پچاسی کروڑ افراد گردوں کی بیماریوں میں مبتلا ہیں جسم میں پانی کی کمی اور انگریزی ادویات کا بے جا استعمال گردوں اور معدے پر برا اثر ڈالتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید سائنسی تحقیق کے بعد ایسٹرن میڈیسن کا شعبہ ہربل اور دیسی ادویات کے ذریعے گردوں کی بیماریوں سے نجات کے لیے ادویات تیار کر رہا ہے جو بغیر کسی سائیڈ ایفیکٹ کے موثر ثابت ہو رہی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر طاہر بشیر ملک نے گردوں کی بیماریوں کی اقسام اور ان کے علاج، احتیاط کے بارے میں طلباءو طالبات کو آگاہی فراہم کی۔ سیمینار میں گردوں کی بیماریوں کے لیے ایلن ڈیوائس کے استعمال اور اس کی افادیت بھی زیر بحث لائی گئی۔

Readers Comments (0)